نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مغرب کی سازشیں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ مسلمان ممالک اور اقوام کے خلاف کیا کیا سازش نہیں کی جارہی لیکن اس کے باوجود مغرب کا معتبر ترین تحقیقاتی ادارہ یہ ماننے پر مجبور ہوگیا ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے تیزی کے ساتھ پھیلنے والا مذہب اسلام ہے، جبکہ اس صدی کے اختتام تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تمام دیگر مذاہب کے پیروکاروں سے زیادہ ہو جائے گی۔
جریدے ڈیلی میل کے مطابق پیو ریسرچ سنٹر نے یہ رپورٹ متعدد تحقیقات کے جامع مطالعے کے بعد پیش کی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکا میں ہر سال مسلمانوں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہورہا ہے جبکہ دیگر ممالک سے بھی ہر سال تقریباً ایک لاکھ مسلمان امریکا منتقل ہو رہے ہیں۔
سال 2050ءتک امریکا میں مسلمانوں کی تعداد یہودیوں سے بڑھ جائے گی جبکہ یورپ کی کل آبادی کے 10 فیصد سے بھی زائد مسلمان ہوں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت مسلمانوں کی سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا میں بستی ہے لیکن 2050ءتک بھارت میں سب سے زیادہ مسلمان آباد ہوں گے، جن کی تعداد تقریباً 30 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ تحقیق کے مطابق اگلے 35 سال کے دوران یہودیوں کی آبادی میں اضافہ 16 فیصد، ہندوﺅں کی آبادی میں اضافہ 34 فیصد، عیسائیوں کی آبادی میں اضافہ 35 فیصد، جبکہ مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ 73 فیصد ہوگا، اور 2050ءتک دنیا کی کل آبادی کا تقریباً 30 فیصد مسلمان ہوگی۔
Post a Comment